ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / معصوم بچوں اور نوجوانوں میں بگاڑ کے لئے والدین اور سرپرست ذمہ دار جمعیۃ علماء بنگلوروکے جلسہ سے مقررین کا خطاب

معصوم بچوں اور نوجوانوں میں بگاڑ کے لئے والدین اور سرپرست ذمہ دار جمعیۃ علماء بنگلوروکے جلسہ سے مقررین کا خطاب

Mon, 31 Jul 2017 12:31:50    S.O. News Service

بنگلورو،30؍جولائی(ایس او نیوز)اسلام ایک پاکیزہ مذہب ہے اور اپنے ماننے والوں کو پاک وصاف رہنے کی تلقین کرتاہے ۔نماز جیسی اہم ترین عبادت کے لئے مسلمانوں کو حکم دیا گیاہے کہ سب سے پہلے خود کو پاک کرلو اسی طرح جگہ اور کپڑوں کی پاکی کے بغیر نماز ادانہیں ہوسکتی ۔ایسے میں گندی چیز جس سے عقل ختم ہوجاتی ہے اسلام میں نشہ کی اجازت کیسے دی جاسکتی ہے ۔شراب نوشی کرنے والا آج کا مسلمان اپنے خدا کے احکامات کی خلاف ورزی کررہاہے ۔ان خیالات کا اظہار جمعیۃ علماء بنگلوروساؤتھ کے زیر اہتمام منعقدہ ’’انسداد منشیات مہم ‘‘جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کرناٹک کے صدر مفتی افتخار احمد قاسمی نے کیا۔صدارتی خطاب میں انہوں نے کہاکہ مومن کبھی بے کارباتوں میں یابے کار کاموں کی طرف کبھی نہیں جاتا۔اس سے بڑھ کر افسوس کی بات کیاہوگی کہ آج کا مسلم نوجوان نشہ کی لت میں غرق ہے اور اس گندگی کو پسند کرتاہے جسے قرآن نے ام الخبائث قرار دیاہے۔بہت ہی ضروری ہے کہ مسلمان اس سلسلہ میں سنجیدگی سے غور کریں اورنوجوان نسل کو نشہ سے نجات دلانے کے لئے فوری اقدامات کریں۔جمعیۃ علماء ہند نے اس سلسلہ میں ملک گیر مہم چلانے کا فیصلہ کیاہے ۔یہ پروگرام اسی کا ایک حصہ ہے۔اس کا مقصد ملک کے نوجوان خصوصاً مسلمانوں کو گندی اور جان لیوا عادت نشہ خوری سے نجات دلانا ہے۔ مسجد ابوبکرصدیق ٹینک گارڈن کے امام وخطیب مفتی ارشاد احمد مظاہری نے کہا کہ ملک وملت کے ہر نوجوانوں میں جوش وجزبہ کو ٹ کر بھرا ہوتاہے ۔مگر انہیں ان کا استعمال کرنا نہیں آتا جس کی وجہ سے بعض دفعہ یہی جوش وجزبے ہمارے لئے نقصاندہ ثابت ہوجاتے ہیں۔اس لئے بہت ہی ضروری ہے کہ ہمارے بزرگ وسرپرست حضرات ان نوجوانوں کی بروقت مناسب رہنمائی کریں۔اگر ہم ایسا کرنے میں کامیاب ہوجاتے ہیں تو کوئی بعید نہیں کہ ہمارے یہی نوجوان ملک وملت کی ترقی میں اہم کردار اداکریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے بچے معصوم ہوتے ہیں۔اللہ تعالیٰ نے انہیں تمام ترصلاحیتوں سے نوازاہے مگر انہیں ان صلاحیتوں کو استعمال کرنے کے طریقے بتانے کی ضرورت ہے ۔والدین اور سرپرست حضرات کو چاہئے کہ ان پر شروع سے ہی نظر رکھیں اور وقتاً فوقتاً ان کی مناسب رہنمائی کرتے رہیں۔نوجوانوں میں نشہ کی لت نہایت ہی نقصاندہ ہے اس سلسلہ میں انہوں نے کہاکہ یہ سب والدین اور سرپرستوں کی لاپروائی کا نتیجہ ہے ۔اگر والدین انہیں بروقت اس کی برائی اور نقصانات کے بارے میں بتاتے تو ایسی نوبت نہیں آتی کہ آج ہمارے کہنے کے باوجود وہ نشہ آور اشیاء کو استعمال کرنے سے نہیں چوکتے۔اس لئے کہ اب انہیں اس کی عادت ہوگئی ہے جسے چھڑانے کے لئے ہمیں مسلسل کوششوں کی ضرورت ہوگی۔خاندان کے سرپرستوں سے اپیل کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اس سلسلہ میں سنجیدگی کا مظاہرہ کریں اور اپنے معصوم بچوں کو نشہ سے دور کرنے کے لئے ضروری اقدامات کریں۔بیڑی ،سگریٹ اور تمباکو کے استعمال کو ہم برانہیں سمجھتے ہیں ۔حالانکہ یہی برائی آگے چل کرشراب اور دیگر جان لیوا نشہ میں تبدیل ہوجاتی ہے۔اس میں نہ صرف ناخواندہ لوگ ملوث ہیں بلکہ تعلیم یافتہ لوگ بھی جانے انجانے میں اس طرح کی برائیوں میں ملوث ہیں۔بڑے بزرگوں کوسگریٹ نوشی اور شراب نوشی میں ملوث دیکھ کر نئی نسل بھی اسے فیشن سمجھ کر استعمال کرتے ہیں جو آگے چل کر یہی چیز عادت بن جاتی ہے ۔

ڈاکٹر اچھیوتا نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منشیات کے استعمال سے نوجوانوں کے ہوش وحواس خراب ہورہے ہیں۔ ان کی زندگی تباہ ہورہی ہے ۔بعض نوجوان ایسے بھی ہیں کہ ان کے پاش نشہ کرنے کے لئے پیسے نہیں ہوتے ہیں جس کی وجہ سے وہ چوری اور لوٹ ماری کا راستہ اپنانے لگتے ہیں۔بعض افراد اپنی ضرورت پوری کرنے کے لئے اپنے گھر کی عورتوں سے پیسے طلب کرتے ہیں۔جس سے گھر کا پرامن ماحول خراب ہوجاتاہے۔سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (ایس ڈی پی آئی)لیڈراور سداپورہ وارڈ کے کارپوریٹر مجاہد پاشاہ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں سے اپیل کی کہ منشیات جیسی خطرنا ک عادت سے بعض آجائیں اور اپنے گھریلوماحول کو بہتر بناکر اطراف واکناف میں خوشیاں پھیلانے کا ذریعہ بنیں۔انہوں نے کہا کہ ہرذمہ دار شہری کی ذمہ داری ہے کہ اپنے پاس پڑوس میں ان نوجوانوں کو جو منشیات میں مبتلاہیں انہیں اس کے نقصانات بتائیں اور بیڑی سگریٹ ،تمباکو اور اس طرح کی اشیاء سے بچانے کے لئے اقدامات کریں۔اس موقع پر ڈاکٹر افشاد اور دیگر نے بھی جلسہ سے خطاب کیا۔انسداد منشیات ریلی اور جلسہ کو کامیاب بنانے کے سلسلہ میں جمعیۃ علماء بنگلورو ساؤتھ کے جنرل سکریٹری انصر پاشاہ نے بتایاکہ مقامی نوجوانوں نے اس مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا ۔خصوصاً مسجد ابوبکر صدیق اور مسجدعتیق ٹینک گارڈن کے صدر عبدالقدوس کا رول اہم رہا جنہوں نے ہماری رہنمائی بھی کی اور اپنا تعاون بھی پیش کیا۔پیارے جان،سراج اور دیگر علماء وعمائدین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔


Share: